پاکستان نیوی کے بحری جہازوں کا عمان کی بندرگاہ مسقط کا دورہ
اسلام آباد ( نوید ملک سٹی رپورٹر ) پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد، گوادر اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز دشت پر مشتمل پاکستان نیوی فلوٹیلا نے بحری تعیناتی کے دوران عمان کے شہر مسقط کا دورہ کیا۔عمان کی بندرگاہ مسقط آمد پر پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کا عمان کی رائل نیوی کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران، مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز سے چیف آف اسٹاف سلطان آرمڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹر میں اور کمانڈنگ آفیسر سید بن سلطان نیول بیس سے وُدام میں ملاقاتیں کی
۔ دورانِ بات چیت، مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم عمانی عوام اور بالخصوص عمانی رائل نیوی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ بحری تعاون کو وسعت دینے کے عزم اور خواہش کا اظہار کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔پاک بحریہ کے جہاز راہ نورد پر اعزازی عشائیہ بھی دیا گیا
جس میں عمان کے رائل نیوی کے سینئر افسران سمیت ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارتی مسلح افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کے غیرقانونی الحاق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کی متنازعہ حیثیت کی خلاف ورزی پر بھی روشنی ڈالی۔پاکستان اور عمان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کا مظبوط رشتہ ہے۔
عمان میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں کی جاری تعیناتی سے دونوں ممالک کے درمیان اور عمانی رائل نیوی کے ساتھ پاک بحریہ کے دوطرفہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔