ڈیرہ غازی خان شہر میں صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،نسیم صادق
ڈیرہ غازیخان (محمد فیض سٹی رپورٹر)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سیوریج پائپ لائنز کی ہنگامی بنیاد پر صفائی کا آغاز کردیا ہے۔پانی کے ٹیوب ویل اور ڈسپوزل ورکس کے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر بجلی کے کنکشن منقطع ہوجاتے ہیں۔
پانی نہ ملنے اور سیوریج لائن کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ پانی کے کنکشن کی فیس اور واجبات فوری ادا کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا جائے۔
کمشنر نسیم صادق نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوریہ کینال پر نصب واٹر سپلائی کے ہر ٹیوب ویل کا تفصیلی جائزہ لیا ہے 32 میں سے 24 ٹیوب ویل تین سال سے خراب اور بند تھے۔کمپنیوں کے عہدیداروں کو بلاکر مشینری دکھائی گئی اور بحالی کیلئے سفارشات طلب کیں
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے مرمت کرکے 28 فروری تک تمام 32 ٹیوب ویلوں سے صاف پانی کی فراہمی شروع کرائی جاسکے جس کیلئے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔بجلی کے واجبات کی ادائیگی کیلئے شہری تعاون کریں۔پانی کنکشن کی فیس اور دیگر واجبات فوری ادا کئے جائیں۔
کمشنر نے کہا کہ پانی کے غیر قانونی کنکشن کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے کنکشن منقطع کرنے کیلئے 12 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔کنکشن منقطع کرنے کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر سب سے پہلے کمشنر آفس میں پانی کا کنکشن منقطع ہوا اور جرمانہ کے ساتھ واجبات کی ادائیگی کی گئی باقاعدہ درخواست پر پانی کا کنکشن بحال کرایا گیا