روز گار کے مواقع نہ ہونا ضلع مہمند کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے،رؤف شہزاد
ضلع مہمند(افضل صافی سٹی رپورٹر)یوتھ سیمینار (مہمند میں روزگار کے مو اقع)روز گار کے مواقع نہ ہونا ضلع مہمند کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔ ضلع کے لا تعداد نوجوان روزگار نہ ملنے کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ اس سلسلے میں 103 بریگیڈ نے نمایاں کاوش کرتے ہوئے
نوجوان اور سرمایہ داروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے کرنے کے لیے ایک سیمینار کا اہتمام کیا۔ تقریب میں مقررین نے ضلع میں روزگار کے مواقع خصوصاً مائنز کے شعبے میں مواقع پر روشنی ڈالی۔
تقریب میں کہا گیا کہ جدید ٹکنالوجی کے استعمال اور قبائلی خاندانی تنازعات کے خاتمے سے اس صنعت کو بہت بڑھایا جا سکتا ہے۔کمانڈر 103 بریگیڈ بریگیڈئر رؤف شہزاد نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوچ کو وسعت دیں اور کوٹہ سسٹم کے بجائے اپنی قابلیت، محنت اور ہنر پر بھروسہ کرتے ہوئے ذرائع روزگار کی تلاش کریں۔
فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں نے انتھک محنت اور قربانیوں کی بدولت امن کی فضا قائم کی ہے۔ ضلع کے صاحب ثروت افراد کو چاہیے کہ اس فضا کا استعمال کرتے ہوئے مہمند میں موجود کاروباری مواقع کا بھرپور استعمال کریں اور ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔