کورونا وائرس کا خطرہ ایران اور افغان بارڈر کو 14 روز کیلئے مکمل بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ایران اور افغانستان کے ساتھ مغربی سرحدیں ابتدائی طور پر 14 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرحدوں کی بندش کا اطلاق 16 مارچ 2020 سے ہوگا۔ اس کے علاوہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں 5 اپریل تک مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام سےمتعلق حکمت عملی پرغور کیا گیا اور معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا نے اجلاس کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
In a meeting of the National Security Committee presided over PM Imran Khan, it has been decided to close all educational institutions in the country till April 5. This includes all schools and universities, public and private, vocational institutions and madaris.
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) March 13, 2020
اجلاس میں آرمی چیف، سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 5 اپریل تک ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولز، کالجز، جامعات، ووکیشنل سینٹرز اور مدارس پر ہوگا۔
سرحدوں کو آئندہ 14 دن کیلئے بند کرنا ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ قوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، صوبے اور مرکزی حکومت ہر لمحے کی صورتحال پرنظر رکھے ہوئے ہیں، اللہ کا کرم ہے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کنٹرول میں ہے۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ بارڈر کو اگلے 14 روز کیلئے بند کرنا ہوگا، رائے ونڈ کے اجتماع کو بھی مختصر کردیاگیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جن ممالک نے پیشگی اقدامات نہیں کیے تھے وہ نقصان اٹھا رہےہیں، ہمیں لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ، غیر ضروری سفر سےگریز کیاجائے، غیر ضروری سفر سےگریز کرنا عوام کیلئے بہتر ہے، ہمیں بڑے بڑے میلوں کو نظر انداز کرناہوگا، صوبائی حکومت روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کریں، جیل میں موجود قیدیوں سے ملاقات کرنےوالوں کو کچھ وقت کیلئے احتیاط کرناہوگا، ایک مضبوط حکمت عملی کے تحت اس وبا سے مقابلہ کرناہوگا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سنیما گھروں، شادیوں اور عوامی اجتماعات سے گریز کی اپیل کی۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک 22 کیسز رپورٹ ہوئے جن کی بڑی تعداد کراچی سمیت سندھ میں سامنے آئی۔
اب تک سندھ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 16 (15 کراچی اور ایک حیدرآباد)، گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 ہے جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ان 22 کیسز میں سے کراچی میں زیرعلاج 2 مریض مکمل طور پر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے، دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
دنیا بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،اب تک 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے۔