حکومت نے کورونا جیسی مہلک آفت سے کسانوں کو بچانے کیلئے کوئی اقدامات نہ کیے، جام حضور بخش
بہاولپور( ایم اقبال انجم نمائندہ خصوصی) چیئر مین جے آئی کسان پاکستان جام حضور بخش لاڑ نے کہا ہے کہ پورے ملک میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہو چکا ہے ۔ حکومت نے کورونا جیسی مہلک آفت سے کسانوں کو بچانے کیلئے کوئی اقدامات نہ کیے ۔ موجودہ حالات میں کسانوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حکومتی توجہ کے منتظر ہیں ۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں کو فوری طور پر حفاظتی سامان فراہم کیا جائے اور گندم کو سمیٹنے میں ا ن کی مدد کی جائے ۔ گندم ہمارے ملک کی فوڈ سیکیورٹی کیلئے بہت اہمیت کی حامل اور کسان کیلئے سب سے بڑی کیش کراپ ہے ۔ حکومت کسان سے گندم کے آخری دانے تک خریداری کا بندوبست اورکسانوں سے گندم1500 روپے من کے حساب سے خریداری کا اعلان کرے ۔
آ ٹے اور چینی کے ذمہ داروں سے سبسڈی کی رقم وصول کر کے اسکے اصل حقدار کسانوں اور مزدوروں میں تقسیم کی جائے ۔ ملک میں زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کرتے ہوئے زراعت کیلئے کسانوں کے نمائندوں کی مشاورت سے زرعی پالیسی کا اعلان کیا جائے ۔ بارہ سو ارب امدادی رقم میں سے کسانوں کو بھی ان کا حصہ دیا جائے ۔
شوگر ملز مافیا سے رواں اور سابقہ سالوں کی گنے کے کاشتکاروں کی رقوم فوری طور پر دلوائی جائیں ۔ کسانوں کو آئندہ فصلوں کی کاشت کیلئے بیج اورکھاد مفت مہیا کی جائے اور آبیانہ معاف کیا جائے