کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفر نے آر پی او عمران احمر اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ہمراہ احساس سنٹرز کا دورہ کیا
ڈیرہ غازیخان (محمد فیض سٹی رپورٹر)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفر نے آر پی او عمران احمر اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کے ہمراہ احساس سنٹرز کا دورہ کیا۔انہوں نے احساس پروگرام کے تحت قائم سہولت سنٹرز پرمستحقین میں مالی امداد کی تقسیم کا جائزہ لیا.
کمشنر ساجد ظفر نے گرلز کالج ماڈل ٹاون میں قائم احساس سنٹرز کے معائنہ کے دوران خواتین سے معلومات حاصل کیں اوران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں میں بارہ،بارہ ہزار روپے دئیے جارہے ہیں متعلقہ عملہ سے مکمل رقم وصول کی جائے۔
سہولت سنٹرز میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور مناسب فاصلہ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں پہلے مرحلے کے تحت رجسٹرڈ 97 ہزار خاندانوں کو مالی امداد ملے گی جس کیلئے ایک ارب 16 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں عوام کی سہولت کیلئے
ان کے گھروں کے نزدیک 57 سنٹرز فنکشنل کردئیے گئے ہیں جہاں بائیو میٹرک شناخت کے بعد موقع پر ادائیگی کی جارہی ہے۔آر پی او عمران احمر نے کہا کہ ہر سہولت سنٹرپر سکیورٹی کے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔خواتین کو تنگ کرکے پیسوں کا مک مکا کرنے والے نوسربازوں کو گرفتار کیا جائیگا۔خواتین کسی کے دھوکہ میں نہ آئیں اور ایسے افراد کی فوری نشاندہی کریں۔
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ انگوٹھے لگواکر رقم نہ دینے والے ریٹیلرز،فراڈیوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور ابتک 9 فراڈیوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتار کرادیا گیا ہے اور ان سے بقایا رقم برآمد کرکے مستحقین کو تلاش کرکے پوری رقم دلائی گئی ہے۔عوام ایسے فراڈیوں کی فوری اطلاع دیں۔