کرغزستان سے پاکستانی طلباءاور دیگر شہریوں کی واپسی کیلئے سفری انتظامات کئے جا رہے ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرغزستان سے پاکستانی طلباءاور دیگر شہریوں کی واپسی کیلئے سفری انتظامات کئے جا رہے ہیں، بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا
کہ تقریباً 9 ہزار طلباءکرغزستان میں موجود ہیں، وہاں رات سے صبح تک کرفیو عائد رہتا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد ہو رہا ہے، ماسک کے بغیر یا غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر لوگ گرفتار کر لئے جاتے ہیں، ان حالات میں پاکستان کو اپنے شہریوں کا خیال ہے اور ان کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں
۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں اس حوالہ سے پاکستانی سفارتخانہ نے بہت کردار ادا کیا ہے، اس سلسلہ میں طلباءبارے سروے کیا گیا جس میں یہ معلوم ہوا ہے کہ وہاں موجود 300 سے 400 طلباءپاکستان آنے کیلئے تیار ہیں تاہم بڑی تعداد ایسی ہے جو تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کے امکان کے پیش نظر واپس نہیں آنا چاہتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا
کہ واپسی کے خواہاں طلباءکو سہولت فراہم کرنے کیلئے میں نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن طارق سے سفری انتظامات کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کچھ لوگ ایسے بھی پھنسے ہوئے ہیں جو کاروبار کیلئے یا سیاحتی ویزہ پر گئے تھے، ان کی واپسی کیلئے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرغزستان سے واپس آنا چاہتے ہیں وہ وزارت خارجہ کے ای امیل ایڈریس [email protected] پر اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ ان کی جلد واپسی کیلئے انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔