صدر مملکت کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ نہایت خوش آئند ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی بیورو چیف ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ نہایت خوش آئند ہے،
رمضان المبارک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صدر مملکت کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے، اس وباء کا احتیاط ہی سب سے موثر علاج ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ اور قومی کاوشوں کو تقویت دینے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے،
مساجد کے منبر و محراب سے آنے والی آواز کا عوام خصوصی احترام کرتے اور نہایت توجہ سے سنتے ہیں، علماء کرام شرعی احکامات کی پاسداری اور فرائض بجا لاتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیرکے ضمن میں بھی رہنمائی فرمائیں،
وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر، حفاظتی ضابطہ کی پابندی اور نظم و ضبط کی تلقین اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کر عبادات کریں،
ماہ صیام کی رحمتوں سے ہر گھر منور ہوگا، رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ہر مسلمان گھر میں رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی برکات و عنایات سمیٹے گا