وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں موجودہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کوشاں ہے، سردار محمد ہاشم ڈوگر
قصور(مقصود انجم کمبوہ بیوروچیف قصور)قصورصوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت شعبہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کوشاں ہے ،
کسان کی خوشحالی سے ہی پاکستان خوشحال ہو گا، موجودہ حکومت نے زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی کسان پیکج دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹی ایم اے ہال چونیاں میں حکومت پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت نمائشی پلاٹ پر گندم اوگانے والے کاشتکاروں میں 11ہزار روپے فی ایکٹ سبسڈی دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع میاں احمد نوید امجد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرزراعت توسیع چونیاں محمد اکرم طاہر اور کاشتکاروں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بتایا
کہ حکومت پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام 2019-20کے تحت ضلع بھر میں 72کاشتکاروں کو 11ہزار روپے فی ایکٹ سبسڈی دیئے جائینگے جن میں سے آج تحصیل چونیاں کے 14کاشتکاروں کو سبسڈی کی رقم دی جا رہی ہے جبکہ باقی تحصیلوں میں بہت جلد یہ رقم تقسیم کر دی جائیگی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ضلع بھر میں 4450بیج کے بیگ زمینداروں کو 2700روپے فی بیگ کے حساب سے فروخت کئے گئے تھے اور حکومت 1200روپے فی بیگ کے حساب سے ان زمینداروں کو بذریعہ ٹوکن سبسڈی دے رہی ہے ۔ اس کے علاوہ اس سال گندم کا پیداواری مقابلہ بھی منعقد کروایاجا رہا ہے
جس کے ذریعے سے اول آنیوالے کاشتکار کو 3لاکھ روپے ،دوئم آنیوالے کو 2لاکھ اور سوئم آنیوالے کو 1لاکھ روپیہ نقد انعام دیئے جائینگے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے حکومت پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کامیابی
حاصل کرنیوالے کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ زراعت ترقی کریگی تو ملکی معیشت مضبوط ہو گی کیونکہ ہمارے ملک کی 65فیصد آبادی پیشہ زراعت سے منسلک ہے ۔حکومت کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے مختلف منصوبوں کےساتھ ساتھ انہیں کاشتکاری کے جدید خطوط سے روشناس کرنے کیلئے
جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے تا کہ زمیندار جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی فی ایکٹ پیدوار میں اضافہ کر کے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ حکومت شعبہ زراعت میں مزید جدید ترین آلات اور سہولیات کو یقینی بنا رہی ہے تا کہ ترقی کی
مشکل منازل آسان طریقے سے عبور کی جا سکیں ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کسانوں سے اپیل کی کہ وہ گندم کٹائی کے دوران کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں ۔