قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنائے گی، اعجاز احمد شاہ
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی سے)وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی سربراہی میں عیدالاضحیٰ پر قربانی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔
وزرات داخلہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا بھی ضروری ہے، اس حوالے سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق انتظامات ناگزیر ہیں اور اس حوالے سے واضح حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترتیب دی جائیگی،
ہم علماء سے بھی اس سلسلے میں رہنمائی چاہتے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت کی جاسکے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مویشیوں کے بیوپاریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوام کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دی جائے گی۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے وزارت صحت کو بھی باقاعدہ ایس او پیز بنانے کی ہدایت کی- انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں اور دیگر معاملات میں احتیاط کی بے حد ضرورت ہے- اس سلسلے میں وزارت صحت واضح ہدایات دے تاکہ سب کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے