بھارت پاکستان کوغیرمستحکم کرنےکی مسلسل کوشش کررہاہے:وزیرخارجہ
بھارت پاکستان کوغیرمستحکم کرنےکی مسلسل کوشش کررہاہے:وزیرخارجہ
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی سے )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے داخلی انتشار سےتوجہ ہٹانے کےلئے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مسلسل کوشش کررہاہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ہی وقت میں صوبہ بلوچستان میں مداخلت کے ساتھ افغانستان میں امن کوششوں پر بری طرح اثر انداز ہورہاہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے امریکہ کے خصوصی نمائندے کو بھارتی عزائم سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج حملے میں ملوث دہشت گرد لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے لیکن پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کےلئے دہشت گردی کے واقعات چاہتا ہے انہوں نے کہاکہ یہ بھارت ہی ہے جس نے پلوامہ حملے کا ڈرامہ رچایا۔
بعد میں آج اسلام آباد میں افغانستان کے لئےپاکستان کے خصوصی نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کےلئے علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کو خطے میں امن و سلامتی کے بارے میں تسلسل کےساتھ آگاہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن و استحکام خطے کی ترقی کےلئے ناگزیرہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کے طور پر انتہائی خلوص کے ساتھ افغان امن عمل میں مفاہمتی کردار ادا کیا ہے جسے پوری دنیا نے سراہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے افغان امن عمل اور علاقائی امن و استحکام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔