Site icon FS Media Network | Latest live Breaking News updates today in Urdu

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی اے پی پی سے گفتگو

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی اے پی پی سے گفتگو

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی اے پی پی سے گفتگو

اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی سے ) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ جشن آزادی شایان شان انداز سے منائیں گے،زندہ قومیں اپنی عظیم روایات کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں، ہمارے آباﺅ اجداد نے قربانیاں دے کر پاکستاں حاصل کیا، آزادی کی اس نعمت کی قدر کرنا ہوگی ،نئی نسل کو خوشحال اور ترقی یا فتہ پاکستان دینا وزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے، اس کی ترقی کے لیے ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر حصہ لینا ہوگا،
یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں نوجوان نہ صرف اپنے حصے کا پودا لگائیں بلکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے”اے پی پی” سے گفتگو کے دوران کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یوم آزادی کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے تاکہ ہم اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایسا خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں
جس کے لیے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے جدوجہد کی تھی اوروہ قائد کے وژن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔زرتاج گل نے کہا کہ زندہ قومیں نہ صرف اپنی شاندار روایات کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ اپنی آئندہ نسلوں کی فلاح کے لیے بروقت اقدامات کرتی ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے نئی نسل کو صاف ستھرا پاکستان دینے کے لیے کلین اینڈ گرین منصوبہ شروع کیا ہے اور ان کے اس وژن پر ہماری وزارت جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر بھی وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا بلکہ نوجوانوں سے بھی کہا کہ وہ اپنے حصے کا پودا لگائیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہورہی ہیں اور پاکستان بھی اس سے بری طرح متاثر ہو رہا ہے ہماری وزارت اس حوالے سے ٹھوس اقدامات کررہی ہے
Exit mobile version