نواز شریف کو ہر جگہ سے ناکامی کے بعد جمہوریت یاد آئی: اسد عمر
کراچی (فیزہ گردیزی سے)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نوازشریف کا مسئلہ کسی فرد کے ساتھ نہیں بلکہ اداروں کے ساتھ ہے اور ہر جگہ سے ناکامی پر ان کوجمہوریت یاد آگئی۔
کراچی میں وفاقی وزیر علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کاکہنا تھا کہ نواز شریف ایک سزا یافتہ مجرم ہیں جو سوال کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ لندن بھاگنے والے نوازشریف کی تقاریرسول بالادستی اورجمہوریت کے لیے نہیں اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہیں، نوازشریف کے اپنے بھائی اورپارٹی کے لوگ این آر او مانگتے رہے ہیں، آپ اپنے ایلچی ملاقاتوں کے لیے کیوں بھیجتے تھے؟جب آپ کو ہر جگہ سے ناکامی ہوئی تب آپ کوجمہوریت یاد آگئی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا اعتراض اداروں پرہے، نوازشریف کی تنقید ان اداروں پر ہے جو ان کی اطاعت نہیں کرتے، آپ کی دھمکیاں آپ کے کام نہیں آئیں گی، یہ بھارت کا بیانیہ نہیں بکے گا۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ایک تقریر میں ’نیاعمران خان‘ بنا دیا، اگر وہ دلیر ہیں تو ان کے منہ سے کلبھوشن کا نام کیوں نہیں نکلتا؟
اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے اور سندھ کے حکمران سب سے زیادہ امیر ہیں، جو بانی متحدہ نے کراچی کے ساتھ کیا، وہی کچھ اندرون سندھ میں آصف زرداری کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے زندگی میں کبھی ایک دن دفتر میں بیٹھ کر کام نہیں کیا، احتساب کا نام ہی جمہوریت ہے، نیا عمران خان میدان میں اتر گیا ہے، کرپشن بچاؤ مہم جتنی مرضی کرلو اب کچھ نہیں بچے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی تقریب سے خطاب میں نواز شریف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا