ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم
ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم
ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئیبرطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق زلزلہ بحیرہ ایجیئن میں آیا جس کے جھٹکے ترکی اور یونان دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ شہر کے وسطی علاقے میں ایک عمارت بھی منہدم ہوگئی۔
ترکی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ پریزیڈنسی نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدت 7.0 تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔
جزیرہ ساموس کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں کیوں کہ زلزلے کے نتیجے میں اونچی لہریں اٹھنے کا بھی خدشہ ہے۔
فی الحال کسی قسم کے جانی نقصان کے اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے