106

قرآن کریم ہمارے آقا و مولا ﷺ کی ارفع و اعلیٰ شانوں سے بھرا پڑا ہے،پیر محمدحسان حسیب الرحمن

قرآن کریم ہمارے آقا و مولا ﷺ کی ارفع و اعلیٰ شانوں سے بھرا پڑا ہے،پیر محمدحسان حسیب الرحمن

راوالپنڈی ( (فائزہ شاہ کاظمی سے ) )عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن کریم ہمارے آقا و مولا ﷺ کی ارفع و اعلیٰ شانوں سے بھرا پڑا ہے۔ آپ ﷺکی ذاتِ مبارکہ عظمت و بزرگی کا عظیم مینارہِ نور ہے اور قرآ ن کریم کی آیاتِ مبارکہ کی عملی تفسیر ہے۔ آپ ﷺ نے اصحابہ کرام ؓ اور قیامت تک آنے والی پوری امت کو زندگی کے ہر ہر لمحے کی مکمل رہنمائی ارشاد فرمائی ہے۔

قرآنِ کریم میں اللہ کریم ارشاد فر ما رہا ہے کہ مت کہو وہ بات جس پر خود عمل نہیں کرتے ہو۔ اس آیت مبارکہ پر مکمل طور پر حضور نبی رحمت ﷺ نے بنفسِ نفیس خود اصحابہ کرام ؓ اور اُمت کو عمل پیرا ہو کر دکھایا ۔ آج بحیثیت اُمت مسلمہ ہم زبوں حالی کا شکار اس لئے ہیں کہ ہم اپنی ذاتی اصلاح کرنے کے بجائے دوسروں کے محتسب بنے ہوئے ہیں۔جو کہتے ہیں خود اُس پر عمل پیرانہیں ہوتے، ہمارے عمل و کردار میں موافقت نہیں ہے اور محسن اعظمِ انسانیت ﷺ کے حسن اخلاق اور احترامِ آدمیت کی روشن تعلیمات اور اتباع سے دوری ہماری دینی و دنیاوی مشکلا ت کی وجہ ہے۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اُمت مسلمہ اپنے کریم آقا ﷺ کی سچے دل اور خلوص نیت سے نمک حلال اور وفا دار ہو جائے ۔ہمیں محافلِ میلاد پاک و نعت پاک سے یہ عہد کر کے اُٹھنا ہے کہ ہم اپنی پوری زندگی اپنے نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شریعت مطہرہ کے تابع بسر کریں گے اور اپنا تن من دھن سب کچھ آپ ﷺ کی ناموس پر نثار کرنے کیلئے ہر وقت تیار رہیں گے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جید عالم دین حضرت علامہ حافظ خادم حسین رضوی صاحب کی دین متین اسلام اور قرآن کریم و حدیث مبارکہ کی تعلیم و تدریس کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے سکھیکی منڈی ضلع حافظ آباد کے مقام پر ایک عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ﷺ سے خطاب کے دوران کیا ۔محفل میلاد ِمصطفی ﷺ کا انعقادحلقہ مریدین ِعیدگاہ شریف سکھیکی منڈی ضلع حافظ آباد نے کیاجس میںہزاروں کی تعداد میں شمع رسالت ﷺ کے پروانوں ، کثیر تعداد میں علمائے کرام اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔

دربار رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد ریحان روفی ، حمزہ خان ، شمس خان،افتخار احمد رضوی و دیگر نے پیش کیا۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پر پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ، ترقی ، افواج پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کورونا وبا کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا پر ہوا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں