راولپنڈی میں تھانا گنج منڈی کے باہر دستی بم دھماکہ، متعدد افراد زخمی
راولپنڈی کے تجارتی مرکز گنج منڈی میں تھانہ گنج منڈی کے عین سامنے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے پاس ہوا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا۔
واقعے میں 25 افراد زخمی ہوئے جبکہ ڈاکٹرز کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق تھانہ گنج منڈی کے سامنے جوتے بیچنے والے ٹھیلے پر دستی بم حملہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دستی بم حملے کی جگہ کو کلیئرکردیا ہے، سی ٹی ڈی آپریشنز کی ٹیم نے جگہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کوخارج ازامکان قرارنہیں دیاجاسکتا جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی راولپنڈی میں لاری اڈہ پیر ودھائی میں رکشے میں دھماکے کے نتیجےمیں ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔