جانبدار افراد پر مشتمل سیل نے اساتذہ کی سینیارٹی اور سروسزرولز کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ، جی ٹی اے بی
کوئٹہ(پ ر) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم سکولز کے سینیارٹی سیل کی ناقص کارکردگی اور جانبداری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حالیہ جاری کی گئی ایس ایس ٹیز میل و فی میل کی سینیارٹی لسٹ میں بے شمار اساتذہ کے نام شامل ہی نہیں کئے گئے
اور اس لسٹ میں اساتذہ کے کوائف میں ڈھیروں غلطیاں ہیں جس میں تاریخ پیدائش، تاریخ تقرری و پیشہ ورانہ تربیت سمیت نام اور ولدیت وغیرہ شامل ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ سینیارٹی سیل جانبدار افراد کے ہاتھوں میں دے کر اساتذہ کے اہم سروس امور کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور عجلت میں لسٹ جاری کرکے بے شمار ایس ایس ٹیز کو محروم رکھا گیا ہے جس کی جی ٹی اے بھر پور مذمت کرتا ہے بیان میں سینیارٹی سیل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے
اس کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ سینیارٹی سیل فوری طور پر غیر جانبدار عملہ کے حوالے کرکے لسٹ کا جائزہ لیاجائے اور اساتذہ کے کوائف درست کئے جائیں ، اساتذہ نام شامل کئے جائیں اور ازسرنو لسٹ جاری کی جائے تاکہ اساتذہ سینیارٹی سے محروم نہ ہوں بیان میں کہا گیا ہے کہ جاری کئے گئے سروسز رولز میں صوبہ بھر کے تمام کیڈرز کے اساتذہ کے ساتھ پروموشن اور ترقی کے نام پر کئے گئے مذاق کی ذمہ داری بھی اسی جانبدار اور ناقص کارکردگی کے حامل سینیارٹی سیل پر عائد ہوتی ہے۔