وزیراعلیٰ سندھ نے سال نو کی آمد کا خیرمقدم شجرکاری کے آغاز سے کیا
کراچی ( ( امین فاروقی بیورو چیف) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سال نو 2021 کی آمد کھجور کا پودا لگا کر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس صوبے کو سبز و شاداب بنانے کیلئے پورے صوبے میں مزید درخت لگائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جمعہ کی صبح اپنی کابینہ اراکین کے ہمراہ وزیراعلی ہاؤس کے لان میں ایک پودا لگایا اور اس امید کے ساتھ اسے پانی دیا کہ نیا سال کےبڑھنے کے ساتھ ساتھ ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سال کا پہلا دن جمعہ ہے جو ایک مقدس دن ہے ۔ اور انشاء اللہ یہ نیا سال وبائی امراض کے خاتمہ، ترقی ، روزگار اور خوشحالی کیلئے ایک بہترین سال ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر جنگلات سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ آئندہ شجرکاری مہم میں درخت لگانے کے ایک وسیع پروگرام کی منصوبہ بندی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں شہر میں پھول دار درخت ، نیم اور پھل دار پودے لگانے ہیں تاکہ درختوں کی خوبصورتی کے ساتھ ہی شہر کے ماحول کو بہتر بنایا جاسکے۔ اس موقع پر صوبائی اراکین امتیاز شیخ ، شبیر بجارانی ، شہلا رضا اور دیگر موجود تھے۔