سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے سال 2020 میں 17608 بھکاریوں کو گرفتار کیا
راولپنڈی: (راجہ فرقان احمد) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی سید علی اکبر شاہ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے اینٹی بیگر سکواڈ نے سال 2020میں 17608بھکاریوں کو گرفتار کر کے شہر کے مختلف تھانہ جات کے حوالے کیا.تفصیلات کے مطابق انچارج اینٹی بیگر سکواڈ عدیل عباسی نے بتایا کہ سال 2020میں سٹی ٹریفک پولیس کے اینٹی بیگر سکواڈ نے 17608بھکاریوں کوشہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا جن میں 8228مرد، 8310عورتیں اور 1070بچے شامل ہیں جنھیں شہر کے مختلف تھانوں کے حوالے کیا
اور09ویگرنسی ایکٹ کے تحت 273کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائیں جبکہ 153بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پرچیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی شہر میں 80فیصد سے زائد بھکاری پیشہ ور ہیں جنس کے لحاظ سے 45%مرد، 40%عورتیں، 5%بچے اور 10%خواجہ سرا پر مشتمل ہیں جو کہ پنجاب، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور سندھ کے مختلف علاقوں سے راولپنڈی شہر کے مختلف مقامات پر رہائش پذیر ہیں جن سے ٹھیکداری نظام کے تحت بھیک منگوائی جارہی ہے۔ جس کی روک تھام کے لیے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا خصوصی “اینٹی بیگرز سکواڈ” مختلف شاہراﺅں اور چوراہوں پر روڈ یوزرز سے بھیک مانگنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر قانونی کاروائی کر رہا ہے۔