مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے صحت اور تعلیمی سہولیات ناکافی ہیں،حکومت پاکستان توجہ دے، کیپٹن عاصم ملک
دبئی(بیورورپورٹ) اوورسیز میں مقیم پاکستانیوں کیلئے صحت اور تعلیم کی سہولیات اس معیار کی نہیں جو ان کا حق ہے، ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان کیپٹن عاصم ملک نے ایک بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ابھی تک اوورسیز پاکستانیوں کے لئے کوئی بھی کام نہیں کیا جاسکا،
خصوصاً مڈل ایسٹ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے تعلیمی اداروں اور صحت کی سہولیات ناکافی ہیں اور یہ سہولیات اوورسیز پاکستانیوں کی ضروریات کو پورا نہیں کر پارہیں، مڈل ایسٹ میں پاکستانی بچوں کے لیے قائم تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں اور پاکستانی طلبا کی تعلیمی ضروریات کو پورا نہیں کرپارہیں، بطور ترجمان اوورسیز پاکستانیز میں وزیراعظم عمران خان سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اوورسیز میں پاکستانیوں کے لیے قائم صحت اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر توجہ دیں تاکہ پاکستانی یکسو ہوکر کام کرسکیں اور زرمبادلہ کما کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں