مویشی چور گروہ کے دو ارکان رنگے ہاتھوں گرفتار،ایک فرار،گروہ سے متاثرہ لوگوں کی کثیر تعداد موقع پر جمع،
دولتالہ(نامہ نگار) مویشی چور گروہ کے دو ارکان رنگے ہاتھوں گرفتار،ایک فرار،گروہ سے متاثرہ لوگوں کی کثیر تعداد موقع پر جمع،جاتلی پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا،پولیس گروہ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کرے اور مال مسروقہ برآمدکرے،متاثرین کا مطالبہ،واقعات کے مطابق دولتالہ اور قرب وجوار میں انت مچانے والے مویشی چور گروہ کے دو ارکان دولتالہ میں دن دیہاڑے واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے،شاہ دین مارکیٹ کے عقب میں موجود چوہدری اعجاز گجر کے ڈیرے سے لیاقت علی سکنہ چہاری دولال اور گل فراز سکنہ ڈھوک امب سوزوکی گاڑی نمبر ٹی ایف 154میں بھینس چوری کرکے لے جارہے تھے کہ اہل محلہ نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا،واقعہ کی اطلاع جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی
اور موقع واردات پر لوگوں کی ایک کثیر تعداد جمع ہو گئی جمع ہونے والوں میں ان متاثرہ لوگوں کی تعداد زیادہ تھی جن کے مویشی مختلف ورداتوں میں چوری کئے گئے تھے،اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ جاتلی کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا،موقع پر موجود متاثرین کا کہنا تھا کہ پولیس کے عدم تعاون کی وجہ سے مویشی چور گروہ آزادانہ وارداتیں کرکے لوگوں کو نقصان پہنچا رہا ہے،گرفتار ہونے والے مویشی چوروں سے تفتیش کرکے گروہ کے دیگر چوروں کو بھی گرفتار کیا جائے اور مال مسروقہ برآمد کیا جائے