عمر ایوب نے حالیہ بریک ڈاؤن کی ذمہ داری ن لیگ پر ڈال دی
وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے حالیہ بریک ڈاؤن کی وجہ مسلم لیگ کی غلط منصوبہ بندی قرار دے دی۔
سینیٹ اجلاس اظہار خیال کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت میں 8 بار بلیک آوٹ ہوا تھا جسے ٹھیک ہونے میں دن لگے تھے لیکن ہم نے 8 گھنٹے میں بجلی کا نظام مکمل بحال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بلیک آؤٹ معاملے کی مکمل تحقیقات کریں، مسلم لیگ ن 18 ہزارسے زیادہ بجلی ٹرانسمیٹ نہیں کرپائی تھی، ہم 23 ہزارمیگا واٹ کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے الزام عاند کیا کہ مسلم لیگ ن نے جو غلط منصوبہ بندی کی، اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ان کے وزراء نے کہا تھا کہ جو ہم غلط کرگئے ہیں اس کا خمیازہ آئندہ حکومت بھگتے گی، یہ بارودی سرنگ لگا کر گئے تھے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انہوں نے بغیر ڈیمانڈ فورکاسٹ کے پاور پلانٹ لگائے، مسلم لیگ ن کی غلط پلاننگ کا خمیازہ 2023 تک بھگتیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہو گیا تھا جس کے باعث کراچی سے لے کر پشاور تک پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا اور مختلف شہروں کی بجلی کئی گھنٹوں تک بحال نہیں ہو سکی تھی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز بھی بجلی کے بریک ڈاؤن کا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال چکے ہیں