انوارالحق، تنویرالیاس ملاقات،روایتی سیاستدانوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا عزم
بھمبر (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویرالیاس بھمبر پہنچ گئے،سابق سپیکرآزادکشمیرقانون سازاسمبلی چودھری انوارالحق سے ون آن ون ملاقات،کنٹرول لائن پر بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت،آزادکشمیر کے آئندہ عام انتخابات اور ریاستی وملکی حالات پرتفصیلی تبادلہ خیال،دونوں رہنمائوں کاریاست کوحقیقی معنوں میں تحریک آزادکشمیرکابیس کیمپ بنانے،کرپشن کے خاتمے،میرٹ کی بحالی اور نظام میں شفافیت لانے پر مکمل اتفاق،تفصیلات کے مطابق گزشتہ سہ پہر وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردارتنویرالیاس کی بھمبر آمد ہوئی
اور انہوں نے سابق سپیکر چودھری انوارالحق سے انکی رہائشگاہ پر ایک گھنٹہ ملاقات کی،دونوں رہنمائوں نے آزادکشمیرکے متعفن ،بدبودارسیاسی نظام کے خاتمے،کرپشن میں لتھڑے لوٹاکریسی کے ماہرروایتی سیاستدانوں کیخلاف مشترکہ جدوجہد اور آنے والے ایام میں اس مشاورتی عمل کو مزیدموثر اور اسکے دائرے کو ریاست بھرمیں وسعت دینے پربھی مکمل اتفاق رائے کیا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں کاکہناتھا کہ آزادکشمیر میں ہزاروں
بے روزگار نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاںلئے مارے مارے پھررہے ہیں،وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں کرپشن فری معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے،میرٹ کی بالادستی اور شفافیت ہی وہ راستے ہیں جس سے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جاسکتی ہے،جب تک ریاست کی زمام کار نوجوانوں کے ہاتھوں میںنہیں آئے گی اس وقت تک آزادکشمیر کے باسیوں کی تقدیر بدلنا ناممکن ہے۔معاون خصوصی سردارتنویرالیاس کاکہناتھا کہ آزادکشمیر میں ہائیڈل،ٹورازم اور سمال انڈسٹریزکابہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے اس میں بہترین سرمایہ کاری کرکے لوگوں کو روزگارفراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کو مالی طور پرخود کفیل بھی بنایاجاسکتاہے،میری خواہش ہے کہ آزادکشمیر میں خوبصورت سڑکوں کاجال بچھاکر اسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیابھرکیلئے رول ماڈل بنایاجاسکتاہے۔