حساب مانگنے والوں سے میں نے حساب لیا تو سمجھ آجائے گا،فارو ق حیدر
مظفر آباد (سٹی رپورٹ)وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ جہلم ویلی سرینگر کا دروازہ ہے ،جہلم ویلی کی عوام نے جو عزت دی وہ ناقابل فراموش ہے۔ آزادکشمیر کے لوگوں کی عزت و آبرو کے لیے زندگی وقف کر دی ہے، عوام کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہتا مگر حقائق بھی بتانا چاہتا ہوں ۔لوگوں کو لفظ آزادکشمیر سے چڑہے۔ 84000ہزار مربع میل 5000ہزار مربع میل پر آ گیا۔ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے کہ حالات کیسے ہیں۔پانچ پانچ جماعتیں بدلنے والے ہم سے حساب مانگتے ہیں۔ اگر میں نے ان کا حساب لیا تو پھر ان کو سمجھ آ جائے گی
۔بحیثیت وزیراعظم ریاستی خزانہ اور اختیارات رب العزت کی طرف سے امانت سمجھ کر استعمال کیا، جس دن حلف اٹھایا تھا اپنے حلقے کے لوگوں کو کہا تھا کہ کوئی آپ کو یہ طعنہ نہیں دیگا کہ آپ کا نمائندہ بزدل، بے غیرت اور کرپٹ تھا۔جہلم ویلی میںگزشتہ ساڑھے چار سالوں میں اربوں روپے مالیت کے منصوبہ جات مکمل ہوئے ہیں اور مزید منصوبوں پر کام جاری ہے ، جہلم ویلی سیز فائر لائن پر 32کلو میٹر پختہ سڑک تعمیر ہورہی ہے جبکہ65کلو میٹر پختہ سڑکات کی تعمیر و ری کنڈیشنگ کی گئی ،25کلو میٹر کے اگلے دو ماہ میں مزید ٹینڈر ہو جائیں گے ،40 کروڑ کی لاگت سے سکولز تعمیر کیے جارہے ہیں
، چکار ہسپتال کی تعمیر کے لیے 33 کروڑ مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم ویلی کے لیے 80 آسامیاں دی ہیں۔ 33کروڑ روپے کی لاگت سے چکارتا سدھن گلی سڑک بن رہی ہے جبکہ دھنی بقالاں تا چکار سڑک کی کشادگی کا کام بھی جاری ہے ، ڈسٹرکٹ کمپلیکس جہلم ویلی کی تعمیر کی جارہی ہے ، جہلم ویلی میں یونیورسٹی کیمپس کیلئے 50لاکھ روپے اپنے صوابدیدی فنڈسے دیے اور زمین فراہم کی جبکہ جہلم ویلی کیمپس کی تعمیر کیلئے جاریہ اے ڈی پی میں رقم شامل کی گئی ہے ۔ گریٹر واٹر سپلائی سکیم ہٹیاں بالا ، واٹر سپلائی سکیم چکار ، واٹر سپلائی سکیم چناری
،نین سکھ گریٹرواٹر سپلائی سکیم پر کام جاری ہے ، چکار بازار اور گلیوں کو پختہ کیا گیا جبکہ ہٹیاں بالا بازار اور چکار بازار میں سٹریٹ لائٹس بھی نصب کی گئیں ، کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر سال کروڑوں روپے کے منصوبہ جات مکمل کیے ، نیلی تا دائوکھن رو ڈ کی اپ گریڈیشن کی گئی جبکہ دائو کھن موجی لیپہ روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز دیے جس پر کام جاری ہے،تمام انتخابی وعدے جون تک پورے کر ینگے پھر اپنا اعمال نامہ لیکر آپ کے پاس آئیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن جہلم ویلی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا
۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل مسلم لیگ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر ، وزرا کرام بھی موجود تھے ۔کنونشن سے ضلعی صدر فرید خان ممبر مجلس عاملہ مرزا آصف و سمیت ہر یونین کونسل و وارڈ سے نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔وزیرا عظم نے کہاکہ جہلم ویلی کے لوگ 36 سالوں سے میرے ساتھ ہیں ، جو فوت ہو گئے ان کی اولادیں بھی ہمارے ساتھ ہیں، یہ میرا سرمایہ ہے،ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاونگا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ جب حکومت سنبھالی تو نائب قاصد کی آسامی بھی تخلیق کرنے کے لیے اسلام آباد سے ڈپٹی سیکرٹری کی اجاز ت چاہیے ہوتی تھی۔ آج مالیاتی معاملات میں نہ صرف خود کفیل ہیں بلکہ آئینی و انتظامی اختیارات بھی حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا کارنامہ ختم نبوت کا قانون تھا جسے منظور کر تے وقت صرف مسلم لیگ ن کے اراکین شامل تھے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ احسان کیا، میں نے ان کے سامنے آزادکشمیر کی عوام کا مقدمہ پیش کیاجس پر تیرہویں ترمیم ہوئی اور وفاقی محصولات میں ہمارا حصہ بڑھایا گیا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنی بچوں ،اولاد ،عصمتوں کی قربانیاں دی ہیں ، جہلم ویلی کے لوگ اس کے امین ہیں۔ ہم تحریک آزادی کشمیر سے اپنے آپ کو علیحدہ نہیں کر سکتے اور اگر ہم کریں گے تو دنیا میں تو اس کا حساب دیں گے ہی ساتھ ہی ساتھ آخرت میں بھی اس کا حساب دینا پڑے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ
مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہمیں پکار رہے ہیں، پاکستان کے پرچم میں اپنے پیاروں کے لاشے دفنانے والے ہم سے امید باندھے ہوئے ہیں مگر حالت یہ ہے کہ پاکستان حکومت کو فرصت ہی نہیں۔ ہندوستان سلامتی کونسل کی دو کمیٹیوں کا سربراہ بن گیا ہے۔ کبھی براڈ شیٹ اور کبھی نام سے قوم کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے اور اس پر وسائل لٹائے جا رہے ہیں۔ وزراء اور مشیران کی زبانیں بے لگام ہیں، شرافت ختم ہوگی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ بجلی ،گیس سمیت آج ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔ لوگوں کے پاس مکانوں کے کرایے اداکرنے کیلئے پیسے نہیں ہمیں ان پر بات کرنی چاہیے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ میرے ساتھیوں میں سے کوئی چھوڑ کر جانے والا نہیں،
کارکنان اتحاد رکھیں۔انہوں نے کہاکہ کارکن ہونا بڑی بات ہے، چوہدری غلام عباس بھی اپنے آپ کو کارکن کہتے تھے۔ ہم قانون بنا کر جائیں گے کہ کوئی بھی ایم ایل اے ، وزیر کسی کو نوکری نہ دے سکے ، نوکری صرف اور صرف اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر ملے گی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے،و ہی اسباب پیدا کرتا ہے۔ عوام زیاد ہ سے زیادہ ووٹوں کا اندراج کروائیں، شناختی کارڈ بنوائیں۔ سرکاری اراضی کی تقسیم کا عمل ختم کر رہے ہیں۔