یورپین اور افریقی وفد کا دورہ کشمیر ، کشمیر میں انسانی حقوق کے متحرک رہنمائوں ،سیاسی و حریت پسندوں کی گرفتاریاں شروع
سرینگر /لندن ( نیوز ڈیسک ، بیورو رپورٹ)یورپین اور افریقی وفد کا دورہ کشمیر ، کشمیر میں انسانی حقوق کے متحرک رہنمائوں ،سیاسی و حریت پسندوں کی گرفتاریاں شروع ۔آئی ایف جے ایچ آر جے کے چیئرمین احسن اونتو سری نگر میں گرفتار۔ بھارتی حکومت نے یورپین اور افریقن ایلچی وفد کی کشمیر کے دورے پر آمد سے قبل گرفتاریاںشروع کر رکھی ہیں ۔ بھارتی حکومت کی ایماء پر جموں وکشمیر پولیس اور آرمڈ فورسز نے پیر کوکشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بین الاقوامی فورم برائے انصاف ہیومن رائٹس (IFJHRJK) کے چیئرمین و معروف کشمیری ایکٹویسٹ محمد احسن اونتو کو گرفتار کر کے انہیں تھانہ راج باغ میں بند کر دیا ہے۔
فورم کے ترجمان کے مطابق پولیس نے یورپین یونین اور افریقی ایلچیکے دورہ کشمیر سے قبل انہیں حراست میں لیاہے ۔ کشمیر میں اس دورے سے قبل گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں ۔ترجمان کے مطابق پولیس حکام نے اونتو ان کے پاس یہ اطلاعات ہیں کہ وہ 17 فروری کو یونین کے خطے کے ایلچیوں کے دورے پر احتجاج کرنے جارہے ہیں۔خاص طور پر ، غیر ملکی سفیروں کا ایک وفد آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد رواں ہفتے سے جموں و کشمیرکا پہلادورہ کر رہا ہے۔ دریں اثناء کشمیر میں جاری گرفتاریوں پر اوورسیز کشمیریوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے ۔
اس موقع پر جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے کشمیر میں انسانی حقوق کے رہنماء محمد احسن اونتو اور دیگر حریت پسندوں ، انسانی حقوق کے رہنمائوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین ، سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، سرپرست اعلیٰ سردار عبد الرحمن خان ، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار اور دیگر نے کہا کہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت کی پالیسی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں خطہ کے یورپین اور افریقن ایلچیوں کے متوقع دورہ سے قبل آزادی اور بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کو گرفتار کر کے انہیں منظر عام سے غائب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے
تا کہ بین الاقوامی وفود کی آنکھوں میں دھول ڈالی جا سکے اور وہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے واقف نہ ہو سکیں ۔ بھارت کی کشمیر میں بدترین سفاکیت دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکی ہے ۔ بھارت جتنے جھوٹے پروپیگنڈے اور ہتھکنڈے استعمال کر کے دنیا کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہا ہے وہ سب بے نقاب ہو چکے ہیں ۔ ہم بھارت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں کہ اس نے ایک بار پھر معصوم اور نہتے شہریوں کی گرفتاریاں شروع کر رکھی ہیں ۔