ذکرِ رسولِ مقبول ﷺ وہ عظیم ذکر ہے جس کو خود ربِ کریم بلند فرما رہا ہے،پیر محمد حسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (فائزہ شاہ کاظمی ) ممتاز روحانی پیشوا سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ ذکرِ رسولِ مقبول ﷺ وہ عظیم ذکر ہے جس کو خود ربِ کریم بلند فرما رہا ہے اور جس میں ربِ کریم ، نورانی ملائکہ ، ایمان والے ، شجر و حجر غرض کہ کائنات کی ہر چیز شامل ہے ۔یہ ربِ کریم کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ اُس نے اپنے پیارے حبیب ﷺ، اہل بیتِ اطہار و صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین ، انبیاء و رسل اور اولیاء و اتقیائے اُمت کی محبت و مودت ہمیں عطا کی اور اُن کے ذکر و مناقب بیان کر کے ہمیں اپنا دین و دنیا سنوارنے کا راستہ عطا فرمایا ۔ حضور نبی کریم ﷺ کے پیارے و عظیم صحابی مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم وہ عظیم ہستی ہیں
جن کے متعلق آپ ﷺ ارشاد مبارک فرمایا کہ میں علم کا شہر ہوں اور ایک موقع پر ارشاد فرمایا کہ میں حکمت کا شہر ہوں اور علی ؓ اس کا دروازہ ہیں۔ حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی ذاتِ بابرکات وہ ہے جن کو اہل بیتِ اطہار میں سے نکالیں تو اہل بیتِ اطہارنا مکمل اور صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین کی صف میں سے نکالیں تو صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالیٰ علیھم اجمعین نامکمل ۔ حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم خود ارشاد فرماتے ہیں کہ علم کے ہزار دروازے ہیں اور ہر دروازے میں سے ہزاروں دروازے نکلتے ہیں اور میں وہ خوش نصیب ہوں کہ جس کو نبی رحمت ﷺ نے علم کے تمام دروازے عطا فرمائے ہیں آپ ؓ خود ارشاد فرماتے ہیں کہ مجھے اللہ کریم اور رسول کریم ﷺ نے کرم فرما
کر قرآنِ کریم پر ایسا عبور عطا فرمایا کہ قرآنِ کریم کہیں سے بھی کھولو ،کوئی بھی آیت ِ مبارکہ پڑھو میں اُس کا شانِ نزول، وقتِ نزول اور مقامِ نزول بتا سکتا ہوں کہ آیتِ مبارکہ مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، دورانِ سفر یا کسی پہاڑی کے اوپر نازل ہوئی ۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ مولا ئے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے متعلق ارشاد فرماتے ہیں کہ عمر ؓ ہلاک ہو جاتا اگر حضر ت علی ؓ میرے مشیر نہ ہوتے ۔ آج بھی اُمتِ مسلمہ اگر سچے دل و خلوصِ نیت سے یہی حیدری ؓ جذبہ اختیار کر لے تو کوئی وجہ نہیں کہ دین و دنیا کی شرطیہ کامیابی اس کا مقدر نہ بن جائے ۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بحیثیت مسلمان ہماری زندگیاں حضور نبی رحمت ﷺ ، اہل بیتِ اطہار و صحابہ اکرام رضوان اللہ تعالیٰ
علیھم اجمعین کی عظیم ترین تعلیمات کے عین تابع ہوجائیں کیونکہ یہی نورانی تعلیمات نا صرف اطمینانِ قلب عطا کرتی ہیں بلکہ ربِ رحمان کی خوشنودی و رضا کے حصول کا ذریعہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے موقع پر منعقدہ یومِ مولا ئے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعداد میںعلمائے کرام جن میں مفتی محمد سلیمان رضوی ،
علامہ حافظ فاروق عثمانی ، مفتی فیصل حسین نقشبندی ، خواجہ وجاہت جمیل و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کثیر تعداد میں نعت خوانانِ عظام نے دربارِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا ۔ بارہویں شریف و یومِ مولا ئے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کانفرنس کا اختتام درود وسلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن ِ عزیز کی سلامتی خوشحالی ترقی ،افواجِ پاکستان کی سربلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وبا کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔