راولپنڈی ٹریفک پولیس کا الیکٹرانک چالان پیمنٹ کا آغاز
راولپنڈی: (راجہ فرقان احمد) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کی کاوشوں سے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے الیکٹرانک ای پیمنٹ چالان سسٹم کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا ایک احسن اقدام شہریوں کی سہولت کے لیے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے ضلع بھر میں الیکٹرانک ٹریفک چالان ای پیمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی خدمت کے جذبہ کے تحت شہریوں کی سہولت کے لیے ای پیمنٹ چالان سسٹم کا آغاز کر دیا ہے
اب شہریوں کو ٹریفک چالان پر کسی مخصوص بینک میں چالان جمع کروانے کے لیے لائینوں میں نہیں لگنا پڑے گابلکہ ٹریفک چالان کی ادائیگی ملک بھر کے کسی بھی بینک،اے ٹی ایم مشین، ٹی سی ایس یا آن لائن بینکنگ کے ذریعے بھی الیکٹرانک پیمنٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ شہری موقع پر بھی موبائل فون سے ادائیگی کر کے کاغذات واپس لے سکیں گے۔اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک ای پیمنٹ سے ٹاﺅٹ مافیا پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا خاتمہ کیا جائے گا اورشفافیت کو یقینی بنایا جائے گا جس سے ڈیٹا کولیکشن میں بھی آسانی ہو گی۔