پی اے آرسی ملازمین کی نمائندہ ایسوسی ایشن (ایپارک) کے نو منتخب امیدواران کی حلف برداری تقریب
اسلام آباد(فائزہ شاہ کاظمی ) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ملازمین کی نمائندہ ایسوسی ایشن ایپارک (انصاف گروپ) کی تقریب حلف برداری آج مورخہ یکم مارچ، 2021کو قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سید فخرامام نے نو منتخب اُمیدواران سے حلف لیا۔ ڈائریکٹر جنرل این اے آرسی انجنیئر شمیم السبطین نے آنے والے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا
اور پی اے آر سی اور این اے آرسی میں ہونے والی سرگرمیوں پر مختصر روشنی ڈالی۔ ایپارک کے صدر لیاقت واہلہ نے سپاس نامہ پیش کیا اور ملازمین کے مطالبات پیش کیے ۔انہوں نے پی اے آرسی کے ملازمین اور سائنسدانوں کو پنشن کے واجبات اور 2019کے بجٹ میں اعلان کردہ5 اور 10فی صد اضافہ کی عدم ادائیگی کے بارے میں اظہار خیال کیا نیز مطالبہ کیا پنشن اور دیگرواجبات کی عدم ادائیگی کے نتیجہ میں ریٹائرڈ ملازمین اور سائنسدان اضطراب کا شکار ہیں جس کی وجہ سے تحقیقی کام بھی خاطر خواہ متاثر ہو رہا ہے۔ کونسل کے موجودہ اور سابقہ ملازمین کو اس اضطراب سے نکالنے کے لئے وفاقی حکومت کو فوری طور پر اقدامات کرنا ہو ں گے۔ واجبات ملازمین کا بنیادی حق ہیں۔
وفاقی وزیر سید فخر امام نے اپنے خطاب میں تمام نئے منتخب ہونے والے امیدواران کو مبارکباد پیش کی اور تمام ملازمین سے مخاطب ہو کر وعدہ کیا
کہ تمام ملازمین میں سے کسی کی بھی کوئی حق تلفی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت کے دروازے ملازمین کے جائز مطالبات کے لیے ہر وقت کھُلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب سے یہ توقع رکھتا ہوں کہ تمام ملازمین اور سائنسدان ملکر ادارے کی ترقی اور ملک کو خوراک کے میدان میں خود کفیل بنانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ CPEC کے بعد نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ رسرچ وزارت اور اسکے ذیلی اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے لہذا ہم نے نہ صرف ملک کو خوراک میں خود کفیل بنانا ہے بلکہ تمام ملکی بڑی اجناس کو عالمی منڈیوں میں بر آمد کر کے ملک کے لیے خطیر زرِ مبادلہ بھی حاصل کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے پی اے آرسی کے ملازمین و سائنسدانوں کے پنشن و دیگر واجبات کی ادائیگی کے متعلق یقین دلایا کہ وہ پی اے آرسی کو فنڈز کی فراہمی کو جلد سے جلد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں گے
۔انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ فصلوں کی ایسی اقسام کے بیج کی تیارکریں جوکہ فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداواری اضافہ کو ممکن بنائیں اور بیماریوں سے پاک ہوں۔اس موقع پر چئیرمین پی اے آر سی ،ڈاکٹر محمد عظیم خان ، نے شرکاء سے خطاب کیا اور EPARC کے نمائندگان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور صدر ایپارک نے ملازمین کی ترقی اور دیگر مطالبات پیش کیے ہیں ان عملدر آمد کے لئے ضرور کام کیا جائے گا۔ انہوں نے زراعت کی ترقی میں ادارے اور ملازمین کے کردار پر روشنی ڈالی نیز شرکاء کو بتایا کہ پی اے آرسی ملک کو خوراک اور زراعت کے میدان میں خودکفیل بنانے کے لئے انتہائی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے نیز پی اے آر سی کاشتکار برادری کو نئی اعلی پیداواری امکانی قسمیں اور مصدقہ بیج مہیا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے ۔تقریب کے آخر میں چیئر مین ایپارک سعید احمد نے تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔