سی ٹی او راولپنڈی کا یوم پاکستان کے حوالے سے عوام الناس کے لیے اپنے پیغام
راولپنڈی: (راجہ فرقان احمد) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال نے یوم پاکستان کے حوالے سے عوام الناس کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ 23مارچ ایک تاریخی دن ہے جس دن ایک الگ وطن کا خواب دیکھا گیا تھا اور اس خواب کی خوبصورت عملی تعبیرپاکستان کی صورت میں خدا نے ہمیں عطا کی۔آئیں آج کے دن اس بات کا عہد کریں کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کریں گے اور حقوق العباد کا خیال رکھتے ہوئے اس ملک کی شاہراہوں پر دوران ڈرائیونگ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں گے. ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے
دوسروں کا احساس کریں گے۔آئیں آج اس بات کا بھی عہد کریں گے کہ چوک، چوراہوں پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکارجو گرمیوں کی چلچلاتی دھوپ ہو یا سخت سردی ، برف باری ہو یا کسی قسم کے بھی سخت موسمی حالات آپ کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو رواں رکھنے کے لیے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں مصروف عمل ہوتے ہیں ان کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان کا ساتھ دیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پر عزم ہے اس شہر اس ملک اور یہاں کی عوام کی جان و مال اور عزت و آبروکی حفاظت کے لیے ہر طرح کی قربانی کے لیے تیار ہے،ہم اس ملک کے لیے قربانی دینے والے شہداءکو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔