ڈی آئی خان/تاریخی عمارت بگائی محل انہدام کے قریب/حکومت کی تاریخی ورثہ بچانے میں عدم دلچسپی/عوامی حلقوں کا اظہارافسوس
ڈیرہ اسماعیل خان(رپورٹ،نثاربیٹنی) بگائی سیٹھ محل کے نام سے معروف یہ قدیم اور تاریخی عمارت کمشنری بازار کے قریب محلہ شب شاہ میں واقع بگائی محل ہے، جسے معروف ہندو ڈیرہ وال، ماہر تعلیم اور سماجی خدمت گار سیٹھ رام داس بگائی نے قیام پاکستان سے قبل تعمیر کرایا تھا بعدازاں بگائی سیٹھ تقسیم کے بعد بھارت چلے گیے تھے، کئی سالوں تک اس عمارت کی حفاظت اور مرمت ہوتی رہی لیکن وقت کیساتھ دیگر ختم ہوتی
قدروں کیساتھ پرانی اور تاریخی عمارات کی بے قدری بھی بڑھتی رہی، یوں دیگر تاریخی عمارات کی طرح یہ عمارت بھی محکمہ آثارقدیمہ کی عدم توجہی کا شکار ہوکر اپنے انجام کو پہنچ گئی اور ایک پرائیویٹ پارٹی نے اس عمارت کو خرید کر جدید تعمیرات کا فیصلہ کیا ، گوکہ اس تاریخی عمارت کو پبلک لائبریری، لٹریری اینڈ آرٹ سنٹر، کمیونٹی سینٹر، ہسپتال یا کالج بھی بنایا جاسکتا تھا مگر افسوس اس تہذیبی، ثقافتی اور تاریخی ورثے کو منہدم کرنا ہی ضروری سمجھا گیا، شہر کے عوامی حلقوں نے اس ورثہ کے انہدام پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور حکومت کی عدم دلچسپی کو ناقابل فہم قرار دیا