بڑھتی آبادی ملک کے وسائل کو تیزی سے ہڑپ کررہی ہے ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز
ڈیرہ غازی خان(فخرالزمان سے)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی ملک کے وسائل کو تیزی سے ہڑپ کررہی ہے وسائل کے مطابق ابادی میں توازن لانے کیلئے عوامی شعور کی بیداری و آگاہی کی ضرورت ہے۔متعلقہ محکمے ملکر کام کریں انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں محکمہ بہبود آبادی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انچارج ہما مہدی لغاری نے محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی،ترجیحات اور منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماں اور بچہ کی صحت کیلئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ ضروری ہے اور دین اسلام کا بھی یہی پیغام ہے کہ ماں دو سال تک بچہ کو اپنا دودھ پلائے۔اس عمل سے بچوں کی پیدائش میں قدرتی طور پر دو سال کا وقفہ ہوجاتا ہے اور زچہ بچہ کی بھی صحت بہتر رہتی ہے
۔انہوں نے کہا کہ علماء اور مشائخ کے ذریعے یہی پیغام عام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں اور بچہ کی بہتر صحت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں . ہما مہدی لغاری نے بتایا کہ محکمہ نے 65 علماء کی خدمات حاصل کرلی ہیں ماں اور بچہ کی صحت کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کیا جائیگا