یو اے ای کے بعد مزید 2 ممالک نے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کردیں
متحدہ عرب امارات کے بعد مزید دو ممالک نے کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی۔
متحدہ عرب امارات نے آج کورونا وبا کے باعث پاکستان، نیپال اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں پرپابندی لگانے کا اعلان کیا ، پابندی کا اطلاق بدھ 12 مئی کو رات بارہ بجے سےہوگا۔
اس کے علاوہ کویت اور تھائی لینڈ نے بھی پاکستان، بنگلادیش،نیپال اور سری لنکا سے آنے والوں پر پابندی لگا دی ہے۔
تھائی لینڈ کی جانب سے عائد پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور غیر معینہ مدت تک جاری ہے گا البتہ تھائی شہریوں، سفارتی مشنز، سفارتکار اور ان کے اہل خانہ کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
علاوہ ازیں سنگاپور نے بھی ان افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ہے جنہوں نے حال ہی میں پاکستان، بنگلادیش، نیپال اور سری لنکا کا سفر کیا ہے۔ سنگاپور 30 اپریل کو پاکستان، بنگلادیش، نیپال اور سری لنکا کے شہریوں کی آمد پر پابندی عائد کرچکا ہے۔
ادھر یو اے ای کی جانب سے عائد کردہ پابندی کا اطلاق بدھ 12 مئی کورات 12 بجے سےہوگا۔ اس پابندی کا اطلاق اماراتی اور تمام غیر ملکی ائیرلائنز پر ہوگا۔ ساتھ ساتھ ان ممالک سے ٹرانزٹ مسافروں پر بھی پابندی ہوگی البتہ وہ ٹرانزٹ فلائٹس جو یو اے ای آرہی ہیں اور ان کی منزل مذکورہ ممالک ہیں انہیں یو اے ای آنے کی اجازت ہوگی۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کارگو فلائٹس، اماراتی شہریوں، سفارتی مشنز، سرکاری وفود، گولڈن ویزا ہولڈرز اور تاجروں کے طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ پابندی کب تک نافذ رہے گی اس حوالے سے تفصیل نہیں بتائی گئی۔
اس حوالے سے خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی نجی ائیرلائنز ائیر بلیو اور سیرین ائیر کا مؤقف ہے کہ یو اے ای سے پاکستان کے بڑے شہروں میں ان کی عید پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی کیوں کہ یو اے ای سے پاکستان جانے والی پروازوں پر پابندی نہیں ہے۔
علاوہ ازیں ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پابندی کے بعد پاکستان سے یو اے ای جانے والی عید پروازوں کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں آج کورونا سے مزید 78افراد انتقال کر گئے ہیں جبکہ 3 ہزار 447 نئے مریض سامنے آئے اور کورونا مثبت کیسز کی شرح 9فیصد سے زائد رہی۔