ریاست جموں کشمیر کے عوام نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)ریاست جموں کشمیر کے عوام نہتے فلسطینی عوام پر اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی کا پاکستان میں فلسطین کے سفیر کو خط۔
تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے پاکستان میں موجود فلسطین کے سفیر جناب احمد آمین ربائی کو خط تحریر کیا ہے جس میں فلسطین کے عوام پر حالیہ اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کے آزادی پسند عوام کی طرف سے یکجہتی ، محبت ، دعاؤں اور سیاسی و اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست جموں کشمیر اور فلسطین کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بدترین قبضے اور قابض طاقتوں کے وحشیانہ جبر کا شکار ہیں
فلسطین اور ریاست جموں کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو فوجی جبر اور ریاستی بربریت کے ذریعے کچلا جا رہا ہے لیکن عالمی برادری کا اسرائیل اور بھارت کی طرف سے بدترین قتل وغارت پر بھی مسئلہ فلسطین اور مسئلہ جموں کشمیر کے حل کیلئے نتیجہ خیز کردار ادا نہ کرنا منافقت اور دوغلی پالیسی کا عکاس ہے۔ خط میں عالم اسلام کی مسئلہ فلسطین و کشمیر پر مسلسل مجرمانہ خاموشی اور در پردہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے
مسلمان ممالک کے حکمرانوں کے کردار کو شرمناک قرار دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے محکوم عوام اپنے فلسطینی محکوم و مظلوم بھائیوں و بہنوں کے ساتھ غیر مشروط طور پر کھڑے ہیں اور دنیا بھر میں موجود ریاست جموں کشمیر کے باشندے نہ صرف اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجوں میں شریک ہیں
بلکہ یورپ اور برطانیہ کے بیشتر شہروں میں جموں کشمیر کے عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے منعقد کرواتے ہوئے مختلف احتجاجوں کی قیادت کر رہے ہیں ۔ خط میں فلسطینی سفیر کو یقین دلایا گیا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کی فلسطینی محکوم و مظلوم عوام سے غیر مشروط محبت ظلم و جبر کے خاتمے تک جاری رہے گی۔