پی ایف یو جے کی جانب سےجرنلسٹ پروٹیکشن بل کا خیر مقدم
پی ایف یو جے کی جانب سےجرنلسٹ پروٹیکشن بل کا خیر مقدم
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے جرنلسٹ پروٹیکشن بل کا خیر مقدم کیا ہے تاہم کہا ہے کہ حکومت بل کوحتمی شکل دینے سے پہلے قائمہ کمیٹی میں پی ایف یو جے کی تجاویز پر بحث کرے۔
پی ایف یو جے کا کہنا ہے کہ کمیشن کا سربراہ سپریم کورٹ کے سابق جج کو بنایا جائے، پاکستان بارکونسل، ایچ آر سی پی، این سی ایچ آر سمیت دیگراسٹیک ہولڈرزکو بھی کمیشن میں نمائندگی دی جائے۔
صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقارنے کہا کہ چند سفارشات اور تحفظات کے باوجود اس بل کا ڈرافٹ بہت بہتر ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے کہا کہ یہ بل صحافیوں کی آزادی صحافت کےلیے مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے صحافیوں کے تحفظ کا بل صوبائی اسمبلی میں پیش کیا تھا، محکمہ اطلاعات نے بل کا مسودہ فیڈرل یونین آف جرنلسٹ،کراچی یونین آف جرنلسٹس، سینیئر صحافیوں کی مشاورت اور آراء کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا ہے۔
بل صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی تجویز پر اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے قانون کو بھیج دیا گیا۔ کمیٹی تین روز میں اس کا جائزہ لے کر رپورٹ اسمبلی میں پیش کرے گی۔