ضلع ڈیرہ غازیخان میں چائلڈ لیبر، کم سے کم اجرت اور حکومت کی دیگر ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر سا ت مقدمات درج کرائے گئے
ڈیرہ غازیخان(بیوروچیف ) ضلع ڈیرہ غازیخان میں چائلڈ لیبر، کم سے کم اجرت اور حکومت کی دیگر ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر سا ت مقدمات درج کرائے گئے. کم سے کم اجرت پر بھٹوں کے مالکان کے خلاف 14چالان، چائلڈ لیبر پر دو مقدمات اور زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے پر بھٹہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرایاگیا.
یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی. اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد حسن رانجھا نے کی. اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر شاہد حمید لغاری اور دیگر محکمو ں کے نمائندے موجود تھے. اجلا س میں متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد حسن رانجھا نے کہاکہ صنعتی اداروں میں ورکرز کو کم سے کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کیلئے محکمہ لیبر اور دیگر ادارے فعال کردارادا کریں.
سوشل سکیورٹی، صنعتی اداروں / بھٹوں کی رجسٹریشن اور کنٹری بیوشن کی وصولی سمیت ورکرز کو علاج معالجہ اوردیگر سہولیات فراہم کی جائیں. انہوں نے کہاکہ قوانین کی خلاف ورزی پر استغاثے جمع ہونے پر پولیس فوری مقدمات درج کرے اور پراسیکیوٹر عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کرتے ہوئے قانون کے تحت سزا ؤں کو یقینی بنائیں. اجلاس میں دیگر امورکا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں.