مہمند اور ملحقہ متنازعہ دیہات میں آئس فروشوں اور نوجوان نسل میں آئس نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف قومی جرگہ اور احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا
ضلع مہمند( افضل صافی)مہمند اور ملحقہ متنازعہ دیہات میں آئس فروشوں اور نوجوان نسل میں آئس نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف قومی جرگہ اور احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا۔جرگے میں ملک فدا محمد،ملک سیف اللہ،انجینئر عبدالقیوم،ملک زاہد،ملک اسرائیل،ملک یاسین،عبدالجلیل، ملک گوہر،ملک علی مان شاہ،ملک ماولی،ملک ریاست خان،گل نوازخان،حاجی اسماعیل ودیگر مشران کے علاوہ سیاسی وسماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے علاقے میں آئس کے بڑھتے ہوئے فروخت اور نوجوانوں میں اس لعنت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا۔جرگے سے خطاب میں ملک سیف اللہ نے کہا کہ آئس فروخت کرنے والے ملک وقوم اور نوجوان نسل کے دشمن ہیں۔ اور انکے خلاف کارروائی افضل جہاد ہے اور ہم ہرقسم کے مالی وجانی قربانی دینے کیلئے اس مہم میں بھرپور ساتھ دینگے۔انجینئر عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ اپنی نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کیلئے
منظم تحریک کا آغاز کیا گیا ہے۔اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے انہوں نے کہا ہمارے آئندہ نسلوں کے مستقبل سے کھیل نے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس کیلئے ہر گاوٗں کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیگی جو اپنے علاقے کی نگرانی کے ساتھ مسجدوں اور حجروں میں اس لعنت کے خلاف آگاہی مہم چلائینگے ۔مقررین نے کہا کہ ڈی پی او مہمند اور ڈی پی او چارسدہ کو آئس فروشوں کی فہرست حوالہ کرینگے جس پر ڈی پی اوز نے
ایک ہفتے کے اندراندر کارروائی کرنے اور تمام ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا وعدہ کیا۔ اسکے ساتھ اگلے جمعے کو میچنئی میں تمام قوم پر مشتمل گرینڈ جرگہ اور ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس کیلئے عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ملک فدا محمد نے تمام ججز اور وکلاء سے مطالبہ کیا کہ آئس بیچنے والوں کا کیس عدالتوں میں نہ لڑایاجائے۔ بلکہ انکو عبرتناک سزادی جائے تاکہ معاشرے سے ان درندوں اور سماج دشمن عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے۔آخر میں جرگہ شرکاء نے پشاورباجوڑ شاہراہ پر احتجاجی واک کیا اور آئس فروشوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔