پروفیشنل یوتھ فائونڈیشن کے جنرل باڈی اجلاس میں یوتھ کنونشن کا اعلان کردیا گیا
کراچی (امین فاروقی سے): کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پروفیشنل یوتھ فائونڈیشن آف پاکستان کے جنرل باڈی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس اجلاس سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے صدر پروفیشنل یوتھ فائونڈیشن انجینئر محمد عمر خان نے پاکستان کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لیے عوامی رابطہ مہم پر زور دیا اور نوجوانوں کو متحد کرنے کے لیے
یوتھ کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا جس میں ہر طبقے ہر علاقے اور ہر زبان بولنے والے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرکے نظریہ پاکستان کو پروان چڑھانے کے لئے ایک عملی قدم اٹھانا ہے۔ انجینئر محمد عمر خان نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی سے ترقی نہیں بلکہ میرٹ کی بالادستی سے ترقی و خوشحالی کے نئے باب کھلیں گے۔ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں
اور اگر پروفیشنل طبقے کو پاکستان کی خدمت کا موقع ملے تو بلاشبہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی اور جمہوری ریاست بن سکتا ہے۔ اجلاس میں کنوینئر ارسلان سعید، جوائنٹ سیکریٹری شبانہ خان، انفارمیشن سیکرٹری فائزہ علی اور ڈپٹی فنانس سیکرٹری رجا علی نے بھی شرکت کی۔