ٹھٹھہ: ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلا تعارفی اجلاس
ٹھٹھہ(امین فاروقی سے) ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی سی آفس ٹھٹہ کا باقائدہ چارج سنبھالنے کے بعد ضلع کے تمام محکموں کے افسران سے منعقدہ تعارفی اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ماضی کی غلطیوں کو ہر گز نہ دہرائیں اور اپنا اپنا کام سچائی، ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ سر انجام دیں اور عوام کے خادم بن کر کام کریں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے
ساتھ ساتھ لوگوں کو صحت کی بھی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں صفائی ستھرائی کے کام پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے اور غیر قانونی تجاوزات کو دور کرنے کے لئے بھی مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کو خوشگوار ماحول مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ کے افسران کو اچھی طرح سے کام کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی سمیت بنیادی
سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے ورکس سروسز، پبلک ہیلتھ، ایجوکیشن ورکس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں جاری اور مکمل ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات فراہم کریں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام کو بڑے پیمانے پر فائدہ پہنچے۔ انہوں نے آبپاشی افسران کو بھی ہدایت کی کہ پانی کی تقسیم بلا تفریق کی جائے تاکہ ٹیل تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی موسم جاری ہے
باالخصوص محکمہ لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ، صحت اور روینیو کے افسران اپنے کانٹیجنسی پلان کو ترتیب دینے سمیت اپنے تمام مطلوبہ انتظامات مکمل کریں اور اس ضمن میں ضلع میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو بھی شامل کیا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر افسران کو ہدایت کی کہ وہ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ این جی اوز کی فہرست سمیت ان کی گذشتہ چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جلد پیش کریں۔
اجلاس میں محکمہ جنگلات کے افسران کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں کہیں بھی کوئی درخت نہیں ہے اس ضمن میں سیکرٹری جنگلات کو خط لکھ کر انکوائری کروائی جائے گی۔ غضنفر علی قادری نے کہا کہ میں ہر محکمہ کی کارکردگی کو خود چیک کروں گا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و عملہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے جبکہ غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے
افسران و عملہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبیداللہ پہوڑ کے علاوہ ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز، محکمہ صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، آبپاشی، زراعت، ورکس سروس، ایجوکیشن ورکس، انفارمیشن اور دیگر مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ھ آ نمبر 162 (ر ا س)