نازیبا ویڈیوکا معاملہ، عدالت کا وزیراعلیٰ پنجاب کےمعاون خصوصی کیخلاف مقدمہ درج کرنےکا حکم
اسلام آباد(بیوروچیف )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے نوجوان کو نازیبا ویڈیو بھیج کر ہراساں کرنےکے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کےمعاون خصوصی سردار تنویر الیاس کے خلاف مقدمہ درج کرنےکا حکم جاری کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد عطا ربانی نے خواجہ فہیم کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبرکرائم سیل کو سردار تنویر کے خلاف مقدمہ درج کرنےکا حکم دیا۔
درخواست گزار خواجہ فہیم کے مطابق سردار تنویر الیاس کے ساتھ نجی مال میں ملاقات ہوئی، وکیل عمران فیروز ملک نے عدالت کو بتایا کہ سردار تنویر نے اپنے نمبر سے نوجوان کو نازیبا ویڈیو بھیجی اور ہراساں کیا جس پر نوجوان نے ایف آئی اے کو درخواست دی مگر سائبر کرائم سیل نے مقدمہ درج نہ کیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ جس نمبر سے ویڈیو بھیجی گئی وہ سردار تنویر کے زیراستعمال ہے۔ ایف آئی اے کے جواب کے مطابق درخواست گزار کے موبائل فون کی فارنزک رپورٹ آچکی اور ویڈیو بھیجی گئی ہے، عدالتی حکم کے مطابق اگر درخواست گزار دوران تفتیش غلط نکلا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔