سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے خانیوال کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران کپاس کے نمائشی پلاٹس کا معائنہ کیا
خانیوال (سعید احمد بھٹی) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے خانیوال کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران کپاس کے نمائشی پلاٹس کا معائنہ کیا۔آئی پی ایم پروگرام، پیسٹ سکاؤٹنگ بارے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فیلڈ فارمیشنز کو کاشتکاروں کی رہنمائی کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کی عمومی صورت حال تسلی بخش ہے فصل نباتاتی بڑھوتری،
پھول گڈی، پھول اور ٹینڈے بننے کے مرحلہ پر ہے۔موجودہ موسمی حالات میں سفید مکھی،تھرپس،چست تیلہ،گلابی سنڈی سمیت دیگر کیڑوں کی آبادی میں اضافے کا امکان ہے۔کاشتکار روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اور ہفتہ میں دوبار پیسٹ سکاؤٹنگ بھی کریں تاکہ ضرررساں کیڑوں کی صحیح تعداد کو مانیٹر کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس مرحلہ پر تھوڑی سی لاپرواہی پیداوار میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں پر لاؤڈ سپیکرلگا کراور مساجد میں اعلانات کے ذریعے کاشتکاروں کو ہر ہفتہ بعد پلانٹ ایکسٹریکٹس کے مکسچرکاسپرے کرنے بارے آگاہی دی جائے تاکہ پیسٹ پریشر بننے نہ پائے اور فصل کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہ ہو
انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں ابھی گلابی سنڈی کا حملہ مشاہدہ میں آرہا ہے وہاں متاثرہ پھولوں کو توڑ کر زمین میں دبایا جائے جبکہ گلابی سنڈی کے خلاف کیمیکل سپرے میں ممکنہ حدتک تاخیر کی جائے کیونکہ گلابی سنڈی کے خلاف پیراتھرائیڈز کے سپرے کے نتیجہ میں سفید مکھی کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔اس موقع پرسیکرٹری زراعت نے شام کوٹ میں چنائی کی گئی کپاس کی پھٹی کا معائنہ کیا اور کاشتکاروں کو آلائشوں سے پاک کپاس کی چنائی بارے بتایا۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کاٹن انسپکٹرز کاٹن کنٹرول ایکٹ کے تحت منڈیوں اور جننگ فیکٹریوں میں آلائشوں سے پاک کپاس کی آمد یقینی بنائیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔آلائشوں سے پاک کپاس کی خریداری کیلئے کاٹن فیکٹریوں اور منڈیوں کے باہر بینرز آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امسال بین الاقوامی سطح پر روئی کی
قیمتیں بہت بہتر ہیں جس سے ہمارے کاشتکاروں کو بھی فائدہ ہوگا۔مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جائے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا مقصود احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عبدالصمد، اکرام الحق سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔