ایلیٹ فورس پنجاب کے کنسٹیبل عمران رضا کو گولیاں مار کر قتل کرنے والے تین سزا یافتہ و مفرور اشتہاری مجرمان کو مظفرآباد پولیس نے گرفتار کر لیے:پولیس
مظفرآباد (پی آئی ڈی )ترجمان محکمہ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب کے کنسٹیبل عمران رضا کو گولیاں مار کر قتل کرنے والے تین سزا یافتہ و مفرور اشتہاری مجرمان کو مظفرآباد پولیس نے گرفتار کر لیے۔تفصیلات کے مطابق سال 2013 میں تھانہ موچی والا جھنگ پنجاب کی حدود میں سابقہ عداوت کی بنا پر ایلیٹ فورس پنجاب کے کنسٹیبل محمد عمران رضا کو ظہیر عباس کنسٹیبل ایلیٹ فورس ،
مرید عباس ملازم پاکستان نیوی اور محمد شریف وغیرہ ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ملزمان کے خلاف تھانہ موچی والا جھنگ میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 130/13 بجرائم 302/34 PC درج ہوا۔سیشن کورٹ ضلع جھنگ نے سال 2019 میں مقدمہ کا فیصلہ کرتے ہوئے ملزم ظہیر عباس کو سزائے موت جبکہ مرید عباس اور محمد شریف کو عمر قید کی سزا سنائی۔ تینوں ملزمان سزا کا فیصلہ سنتے ہی عدالت سے فرار ہو کر روپوش ہو گئے۔
پنجاب پولیس کیجانب سے چند دن قبل ان مطلوب مفرور اشتہاری مجرمان کی مظفرآباد میں موجودگی کی اطلاع ملنے پر ضلع بھر کے SHO’s کو الرٹ کر کے فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے نتیجہ میں SHOتھانہ صدر ضیاءالاسلام نے معہ ٹیم بمقام شیروان ریڈ کر کے ان تینوں مطلوب اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار مجرمان کو تحت ضابطہ حوالہ جھنگ پولیس کیا جائے گا۔