عید الاضحی پر ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ضلعی امن اور بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے ممبران ضلعی انتظامیہ سے اپنا تعاون جاری رکھیں، ڈپٹی کمشنر
خانیوال (سعید احمد بھٹی) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر ضلع میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لئے ضلعی امن اور بین المسالک ہم آہنگی کمیٹی کے ممبران ضلعی انتظامیہ سے اپنا تعاون جاری رکھیں خانیوال ہم سب کا گھر ہے کسی کو اس میں شرپسندی کی اجازت نہیں دی جائیگی- علماء کرام اپنے خطبات میں شہریوں کو کورونا وائرس سے بچائو بارے مکمل آگاہی دیں-انہوں نے یہ بات ضلعی امن کمیٹی کے
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-ڈی پی او محمد علی وسیم اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اختر منڈھیرا بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے-اجلاس میں موجود تمام مکاتب فکر کے علماء اور سرکردہ شخصیات کی امن برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی-ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مزید کہا کہ ضلع میں
اس وقت مثالی بھائی چارے کی جو فضا قائم ہے یہ عید پر بھی برقرار رکھی جائے-ڈی پی او محمد علی وسیم نے کہا کہ ممبران امن کمیٹی اور پولیس کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے عید ایام کے دوران اپنے اردگرد شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائےعلماء تعاون کریں پولیس کسی کو ضلع کا امن خراب نہیں کرنے دیگی- اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعامانگی گئی-