صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، شکیل قادر خان 168

صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، شکیل قادر خان

صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، شکیل قادر خان

مظفرآباد(پی آئی ڈی)چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انتخابات کے دوران آزاد کشمیر پولیس کے 5300جبکہ دیگر صوبوں کی سول آرمڈ فورسز کے 32200جوان تعینات ہونگے، جبکہ پاک فوج اسکے علاوہ ہوگی جس کی تعداد6سے 7ہزار متوقع ہے

انتخابات میں اس سے زیادہ نفری پہلے کبھی نہیں تعینات کی گئی۔ اس وقت 826پولنگ سٹیشن کو حساس ترین 1209کو حساس ڈیکلیئرکیا گیاہے۔ حساس ترین سٹیشن پر 8سکیورٹی اہلکار، حساس پر 6اور عا م پولنگ سٹیشن پر 4سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ الیکشن کے دیگر انتظامات کے حوالہ سے مختلف محکمہ جات مواصلات، برقیات اور دیگر کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کو صر ف عیدالاضحی کے دن چھٹی ہوگی۔ 250آفیسران کو مجسٹریل پاور دیدی گئی ہیں جبکہ پریذائیڈنگ آفیسران کو بھی مجسٹریل پاور دیدی گئی ہیں

تاکہ وہ موقع پر بروقت فیصلہ کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2021کے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کے حوالہ سے پریس بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین اور سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ صاف شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے

جس کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈیکٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا مرحلہ 3فیز پر مشتمل ہوتا ہے۔ پہلے مرحلہ میں 25جولائی انتخابات کے دن صبح 8بجے تک پولنگ میٹریل بحفاظت پولنگ سٹیشن پر پہنچانا ہوتا ہے۔ دوسرے فیز میں 8بجے سے 5بجے تک پولنگ کا پرامن اور شفاف انعقاد ہے جبکہ تیسرے فیز میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بیلٹ باکسز بحفاظت ریٹرننگ آفیسران کے دفاتر میں پہنچانا ہے ہم نے ان تینوں مرحلوں کو پرامن بنانے

کے لیے جملہ اقدامات کر دیے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ انتخابات کے جلسے، جلسوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلا ف ورزیاں ہوئی ہیں لیکن انتخابی عمل میں حصہ لینا ہر شہری کا آئینی حق ہے،ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات کے بعد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملد رآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالہ سے

مرکزی اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ جہاں پر ہمہ وقت معلومات دستیاب ہونگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ پولنگ ایریا کے اندر کوئی بھی سیکورٹی اہلکار تعینات نہیں ہوگا۔ حساس ترین علاقوں اور مرکزی شاہراؤں پر پولیس اور فوج کا گشت جاری رہے گاتاکہ انتخابات کے دن امن و امان کی صورتحال کو مکمل طور پر بحال رکھا جاسکے۔ میڈیا اس حوالہ سے معلومات حاصل کرنے اور تحقیقات کے بعد ہی خبریں جاری کرے اور بلا تحقیق خبریں نہ دے تاکہ امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو اور صاف، شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں