کُرم تنگی ڈیم کے فیز ون منصوبے میں مقامی ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے، ملک لیاقت علی
میرانشاہ (زین اللہ خان) کُرم تنگی ڈیم کے فیز ون منصوبے میں مقامی ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے پہلے سے جاری ناانصافی کاازالہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سپین وام گرینڈ جرگے کے صدر اور وزیرستان سیاسی اتحاد کے چیئر مین ملک لیاقت علی خان وزیر نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کیا ہے۔ ملک لیاقت نے بیان میں اس بات پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے کہ صرف میرعلی سب ڈویژن میں ستر سے زائد انجینئرز بے روزگار ہیں لیکن معاہدے کے مطابق ان میں سے کسی کو کرم تنگی کے فیز ون منصوبے میں روزگار فراہم نہیں کیا گیا ہے
جو کہ سپین وام اور ملحقہ علاقے کے ساتھ کئے گئے معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہے جس کے مطابق کرم تنگی میں اولیت مقامی افراد کو دی جائیگی۔ ملک لیاقت علی خان نے مزید کہا کہ اس بارے میں جی ایم واپڈا نارتھ عبدالقیوم عزیز اور دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات ہوئی جس میں انہیں اس حوالے سے تفصیلی طور پر اگاہ کیا گیا ہے اور انہوں نے اس منصوبے میں ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر کرم تنگی کے فیز ون میں جاری ناانصافی اور میرٹ کا قتل اسی اندازی میں جاری رہا تو نہ صرف سپین وام کے عوام بلکہ میرعلی اور میرانشاہ کے نوجوان بھی پشاور اور اسلام اباد میں احتجاجی دھرنے دینگے اور میڈیا کو اس حوالے سے مکمل تفصیلات جاری کی جائیگی۔