مظفرآباد 29جولائی 2021کو کل 10خواتین نے بطور امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن
مظفرآباد(بنارس راجپوت)یکم اگست2021 آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کی 5مخصو ص نشست ہاء برائے خواتین کے انتخاب کے لیے 29جولائی 2021کو کل 10خواتین نے بطور امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ جن کی جانچ پڑتال کے بعد جملہ کاغذات درست قرار دیے گئے تھے۔ شیڈول کے مطابق یکم اگست 2021کاغذات واپسی کے لیے12:00بجے تک کا وقت مقرر تھا۔ وقت مقررہ تک خواتین کی مختص شدہ نشست ہا کے انتخابات کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی میں سے عنبرین یونس، شازیہ اکبرچوہدری، شاہین کوثر ڈار، شگفتہ نورین کاظمی اورصدف شیخ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔
اس طرح سیکرٹری الیکشن کمیشن / ریٹرننگ آفیسر نے مخصوص نشست ہاء برائے خواتین کی 5نشست ہاء کے لیے کوثر تقدیس گیلانی، امتیاز نسیم، صبیحہ صدیق چوہدری، نبیلہ ایوب خان اور نثاراں عباسی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دیا ہے۔ جبکہ امیدواران برائے مخصوص نشست ہاء علماء دین /مشائخ کی ایک نشست کے انتخاب کے لیے عتیق الرحمن نے، اوور سیز کشمیری کی نشست کے لیے مصدق خان اور ٹیکنوکریٹس کی نشست کے لیے محبوب حسین کی جانب سے بطور امیدوار جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی واپس لیے گئے۔ اس طرح علماء دین /
مشائخ کی مخصوص نشست کے خلاف محمد مظہر سعید، فضل رسو ل طاہر اور صاحبزادہ محمد سلیم چشتی، مخصوص نشست برائے اوور سیز کشمیر ی کے خلاف ، محمد اقبال،حافظ طارق محمود، مرزا تنویر اختراور مخصو ص نشست برائے ٹیکنوکریٹس کے خلاف محمد رفیق نیئر، ذالفقار علی اور سردارمنظر بشیرکے درمیان مقابلہ ہو گا۔ آزادجموں وکشمیر قانون سازا سمبلی کی مخصوص نشست برائے علماء دین /مشائخ، اوورسیز کشمیری اور ٹیکنوکریٹس پر پولنگ 02اگست 2021بوقت 10:00بجے صبح تا 02:30بجے دن تک آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی بلاک نمبر12 سول سیکرٹریٹ کے ہال میں ہو گی۔