وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون نافذ کرنے کے فیصلے کی مذمت
اسلام آباد (فائزہ شاہ کاظمی سے):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون نافذ کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکمل لاک ڈائون سے معیشت کو نقصان پہنچے گا اور اس سے صوبہ بھر کے عوام کا روزگار بھی متاثر ہوگا، مکمل لاک ڈائون سے عام آدمی کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے،
سندھ حکومت کو سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مکمل لاک ڈائون کے ذریعے کرفیو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جس سے قومی معیشت، کراچی کی درآمد اور برآمد کے شعبوں کو بھی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود ہمیشہ حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، وفاقی حکومت نے کورونا وباء کے دوران پہلے دن سے ہی مکمل لاک ڈائون جیسا کوئی فیصلہ نہیں کیا،وفاقی حکومت نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے اور وبائی صورتحال میں سمارٹ لاک ڈائون پالیسی اپنائی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت لاک ڈائون کے دوران ضرورت مند افراد کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،
سندھ حکومت کے کورونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں نے کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وبائی مرض کے پھیلائو اور معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے کچھ سخت فیصلے بھی کئے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو اپنے مکمل لاک ڈائون کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور دانشمندی کے ساتھ فیصلہ لینا چاہیے، مکمل لاک ڈائون سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا اور وفاقی حکومت بھی مکمل لاک ڈائون کے حق میں نہیں ہے۔