یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزادکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا
مظفرآباد (بنارس راجپوت) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر آزادکشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلہ میں احتجاجی جلسے،جلوس اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ دارالحکومت مظفرآباد میں سب سے بڑی احتجاجی ریلی ایوان وزیر اعظم سے ایوان صدر تک نکالی گئی جس کی قیادت صدر آزادجموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کی۔ ریلی میں ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان، سیکرٹریز حکومت ،انسپکٹر جنرل پولیس، سربراہان محکمہ جات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی
شرکاء ریلی نے پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم، ہندوستان کے مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ احتجاجی ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ ہندوستان نے 05اگست سے پہلے بھی مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا تھا لیکن 05اگست 2019کو اس نے 370 اور 35Aختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور مقبوضہ کشمیر میں نوآبادیاتی نظام کو بحال کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 05اگست کے ہندوستان کے اقدامات کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کے وکیل کے طور پر کشمیر کا مقدمہ جرات مندانہ انداز میں بین الاقوامی سطح پر پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک جرات مند لیڈر اور کشمیریوں کے حقیقی محسن ہیں جن کے دل میں کشمیریوں کا درد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم اس وقت عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ میں خود لائن آف کنٹرول کا رہائشی ہوں۔ ہماری حکومت کی ترجیح مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں لائن آف کنٹرول پر آباد لوگوں کی مشکلات کا بھی ادارک ہے، جن کے مسائل حل کریں گے۔ عمران خان متوسط طبقے کو اوپر لانا چاہتے ہیں جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں کا احساس ہے۔ اس سلسلہ میں نہ جھکے ہیں نہ جھکیں گے۔ تحریک آزادی کشمیر اسی طرح آگے چلتی رہے گی اور جلد کشمیر آزادہوگا۔