افغان صدر ملک سے چلے گئے، طالبان کا کابل میں داخلے کا اعلان
افغان طالبان نے اپنے جنگجوؤں کو دارالحکومت کابل میں داخل ہونے کا حکم دے دیا۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ صبح جنگجوؤں کو کابل کے باہر روک دیا تھا لیکن اب ایسی اطلاعات ہیں کہ کابل میں سرکاری دفاتر خالی ہوگئے ہیں اور پولیس اہلکار بھی بھاگ گئے ہیں۔
کابل ښار ته د مجاهدینو د داخلیدو د اړتیا په اړه د اسلامي امارت اعلامیه https://t.co/ZN3XqOwnDn pic.twitter.com/beAcgEZAaq
— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) August 15, 2021
انہوں نے کہا کہ کابل میں چوروں اور ڈاکوؤں سے امن و امان کا خطرہ ہے لہٰذا جنگجوؤں کو حکم دیا کہ وہ کابل کے ان علاقوں میں داخل ہوں جہاں سے انتظامیہ ہٹ چکی ہے اور چوری و ڈکیتی کا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان کا کہنا تھا کہ مجاہدین جنگ یا طاقت کے ذریعے کابل میں داخل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے،کابل کے پرامن سرینڈر کے لیے طالبان کی افغان حکام سے بات چیت جاری ہے۔