بھارت کا افغان صوبے پنجشیر سے متعلق پاکستان کیخلاف بھونڈا پروپیگنڈا بے نقاب
بھارت کا افغان صوبے پنجشیر سے متعلق پاکستان کے خلاف بھونڈا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے وادی پنجشیر سےمتعلق بھارتی میڈیا کے پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور بھونڈے پراپیگنڈے کو مسترد کر دیاہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہناہے کہ ‘افغانستان کے اندر جو بھی ہو رہا ہے اس سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ، چاہے وہ پنجشیر ہو یا کہیں اور۔’
بھارت نے جس گرائے گئے ایف سولہ طیارے سے متعلق شور مچایا کہ یہ پاکستان ائیر فورس کا طیارہ ہے، وہ اپریل 2018 میں امریکا میں گرنے والا ایف سولہ طیارہ تھا۔
امریکی ائیر فورس کا یہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے گرا تھا۔ اس واقعے کو امریکی میڈیا میں رپورٹ بھی کیا گیا تھا۔ امریکی ائیرفورس کا یہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے گرا اور پائلٹ بھی محفوظ رہا تھا۔
اس کے علاوہ بھارتی میڈیا نے ایک اور وڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ پاکستانی طیاروں کی وادی پنجشیر میں کارروائیوں اور ائیر ڈیفنس کی وڈیو ہے۔
یہ وڈیو بھی ایک ویڈیو گیم کی نکلی۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخارنے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے پنجشیر سے متعلق بھارتی الزامات اور افواہوں کو مکمل طور پر جھوٹ اور بھارت کا نامعقول پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے رد کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجشیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جبکہ طالبان کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔
طالبان نے پنجشیر پر قبضے کا دعویٰ کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیو جاری کی تھیں اور کہا گیا تھا کہ قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود کے ٹھکانے کا علم نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیاتھا کہ احمد مسعود اور سابق نائب صدر امر اللہ صالح تاجکستان فرار ہو گئے ہیں لیکن احمد مسعود نے اس کی تردید کی ہے۔