مسکراہٹیں بکھیرنے والے نامور کامیڈین و اداکار عمر شریف انتقال کر گئے
چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
عمر شریف کے خاندانی ذرائع نے اداکار کی جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے عمر شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
شہباز گل کا کہنا تھا عمر شریف کو اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور انہوں نے اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے، عمر شریف عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
عمر شریف صاحب کی رحلت پر دل انتہائی رنجیدہ ہے اللّٰہ تعالیٰ عمر شریف صاحب کو غریقِ رحمت کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے
انہیں اپنے کام کے باعث کامیڈی کی دنیا میں منفرد مقام حاصل رہا اور اپنی شاندار کام سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے
عوام کےدلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) October 2, 2021
عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر
کامیڈی کے سپر اسٹار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے، پاکستان کے اس فنکار نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج اداکاری شروع کی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے کامیڈی کی دنیا کے کنگ بن گئے۔
انہوں نے کامیڈی کا جومنفرد ٹرینڈ متعارف کرایا اُس میں عوامی لہجہ، انداز اور روزمرہ کے واقعات کا مزاحیہ تجزیہ شامل رہا۔
اسٹیج ڈرامے عمر شریف کی مقبولیت کی وجہ
عمر شریف تھیٹر اور اسٹیج ڈرامے کے بے تاج بادشاہ تھے، انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کامظاہرہ کیا لیکن ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔
عمر شریف صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ہندوستان اور جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں ان کے مداح موجود ہیں۔
عمر شریف نے میزبانی شروع کی تو وہاں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے، جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والا دا شریف شو، تاریخ کا مقبول پروگرام ثابت ہوا۔
بکرا قسطوں پے اور بڈھا گھر پے ہے جیسے لازوال اسٹیج ڈراموں کو ان کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔
عمر شریف کی خدمات کے عوض انہیں نگار ایوارڈ اور تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔
سوشل میڈیا نے اسٹیج ڈراموں کی مقبولیت تو کم کی ہے لیکن عمر شریف کامیڈی کا وہ سورج ہے جو کبھی غروب نہ ہوا۔
عمر شریف کی علاج کیلئے امریکا منتقلی کا پس منظر
یاد رہے کہ عمر شریف کو پاکستان سے علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے امریکا روانہ کیا گیا تھا تاہم طویل سفر اور تھکاوٹ کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں انہیں نمونیہ ہونے اور ائیر ایمبولینس میں فنی خرابی کے باعث اداکار کا جرمنی میں وقفہ طویل ہو گیا۔
امریکا میں موجود اداکار عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا تھا کہ جرمنی میں اداکار کے ڈائیلیسز کے بعد ڈاکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں انہیں امریکا منتقل کیا جائے گا۔
“مسکراہٹیں بکھیرنے والے نامور کامیڈین و اداکار عمر شریف انتقال کر گئے” ایک تبصرہ